سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے، عمران خان

اگلا مرحلہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا ہے،وزیراعظم عمران خان کا رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کیلئے معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے، رشکئی اقتصادی زون نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، اگلا مرحلہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا ہے، افغان امن مذاکرات کی کامیابی میں پاکستان کا اہم کردار ہے، افغانستان میں امن سے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رابطے بڑھیں گے جس سے پورے خطہ میں خوشحالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کیلئے معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ اور پاکستان میں چین کے سفیر بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے معاہدہ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کے حوالہ سے یہ اقدام خوش آئند ہے، سی پیک کے تحت فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہو گا، سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے۔ انہوں نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے حوالہ سے ایک بڑا سنگ میل ثابت ہو گا، رشکئی اقتصادی زون نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اس سے صنعت کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں رہ کر لوگوں کو ملازمتیں ملیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، اس منصوبہ کی تکمیل سے ان کیلئے بھی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے پورے خطہ میں خوشحالی آئے گی، افغان امن مذاکرات کی کامیابی میں پاکستان کا اہم کردار ہے، وہاں امن قائم ہونے سے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رابطوں کی راہموار ہو گی، ازبکستان کے ساتھ افغانستان کے راستے ریل کے ذریعے رابطے قائم کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں ایم ایل ون ریلوے منصوبہ مکمل کیا جائے گا، اس منصوبہ کی تکمیل سے مواصلات کے شعبہ میں انقلاب آئے گا اور پاکستان کو اس کی سٹرٹیجک حیثیت کا فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگلا مرحلہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا ہے، ماضی میں پاکستان میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی، ترقی کیلئے ملکی صنعتوں کو ترقی دینا بہت ضروری ہے، اس حوالہ سے چین کے تجربہ اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔