ملک میں خواتین اور بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ

7ماہ میں 2043 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا111 خواتین اجتماعی زیادتی کا شکار ہوئیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)ملک میں خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، رواں سال بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں14 فیصد اضافہ ہوا،رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران صرف پنجاب میں 2043 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے دوران پنجاب میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 3881 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 2020 میں جنوری سے جولائی تک صرف 7ماہ میں 2043 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے 111 خواتین اجتماعی زیادتی کا شکار ہوئیں۔2019 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 1304 کیسز سامنے آئے جبکہ رواں سال کے اسی عرصے میں 1489 بچے جنسی ہوس کا نشانہ بنے۔ یوں جنسی زیادتی کے واقعات میں 14 فیصد اضافہ ہوا جن میں 53 فیصد بچیاں جبکہ 47 فیصد بچے ہیں۔سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کے معاملے میں والدین کو غیر معمولی احتیاط برتنا ہو گی۔ ایسے واقعات کا یکدم ختم ہونا ممکن نہیں لیکن فوری اور سخت سزائوں کے نفاذ سے نمایاں کمی ضرور ہو سکتی ہے۔