
سعودی عرب میں 1938 کے حج کا 84 برس قبل قدیمکی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں اس میں حج کے سفر اور عازمین کی خانہ کعبہ میں آمد کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صفا اور مروہ کے درمیان حجاج سعی کر رہے ہیں، بزرگ افراد اور خواتین کو کھٹولے پر بٹھا کر سعی کرائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پہلے بوڑھے، معذور اور مریض خانہ کعبہ کا طواف اور سعی کھٹولے پر کیا کرتے تھے۔ مضبوط ڈیل ڈول والے افراد کھٹولے پر بزرگوں اور معذوروں کو طواف اور سعی کرواتے تھے۔ اب اس کھٹولے کو جسے الشبریہ کہا جاتا تھا اس کی جگہ الیکٹرانک چیئرز نے لے لی ہے۔

دیکھاجاسکتا ہے کہ سعی کے دوران دکاندار وہاں اپنا بھی سامان بیچ رہے ہیں۔ صفا اور مروہ پر سایہ فگن اپنے مکانات سے رہائشی سعی اور خرید و فروخت کے مناظر دیکھ رہے ہیں۔
1938 کے دوران صفا اور مروہ کے اوپر چھت نہیں تھی۔ صفا اور مروہ کے درمیان سے سڑک گزرتی تھی۔ لوگوں کے گھر بنے ہوئے تھے اور دونوں اطراف دکانیں کھلی ہوئی تھیں۔
تصاویر میں حجاج کو پیدل اور گاڑیوں میں منی اور عرفات کے درمیان سفر کرتے اور حجاج کو رمی جمرات کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔



