مقتولہ اپنے بہنوئی سے نکاح کرنا چاہتی تھی ، تلخ کلامی پر ملزم نے طیش میں آکر ساتھی کی مدد سے سالی کو قتل کردیا
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور انویسٹی گیشن پولیس غالب مارکیٹ نے 27سالہ خاتون کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث سگے بہنوئی کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یس پی ماڈل ٹائون انویسٹی گیشن محمد بلال قیوم کی سربراہی میںایس ڈی پی او گلبرگ سرکل شہزاد رفیق اعوان اور انچارج انویسٹی گیشن غالب مارکیٹ آصف جبار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے27سالہ خاتون روبینہ ناز کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث سگے بہنوئی سرفراز احمد اور اس کے ساتھی جاوید مسیح کو گرفتار کر لیا ہے۔ملزم سرفراز احمد نے چند روز قبل اپنے ساتھی جاوید مسیح کے ساتھ مل کر روبینہ نازکو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا تھا۔ ملزم سرفراز احمد کے اپنی سالی روبینہ ناز کے ساتھ گذشتہ 15سال سے ناجائز مراسم تھے اور اس نے اپنی سالی کو11ماہ سے کوٹ لکھپت کے علاقے میں کوارٹر لے کر دے رکھا تھا۔ مقتولہ روبینہ نازاپنے بہنوئی سرفرازکے ساتھ نکاح کرنا چاہتی تھی جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی اور ملزم سرفرارز نے طیش میں آکر ساتھی جاوید مسیح کی مدد سے اپنی سالی روبینہ ناز کوقتل کردیا۔ ملزمان نے مقتولہ کی نعش کو بیڈشیٹ میں لپیٹ کر رسیوں سے باندھ کر ظفر علی گندے نالے میںپھینک دیا اور خاموشی سے فرار ہو گئے ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شہزادہ سلطان نے اندھے قتل کی سنگین واردات کو ٹریس کر کے ملوث ملزمان کی گرفتار ی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔


