کورونا ختم ہو گا تو پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ملکر بڑا جلسہ کرکے دکھائے گی، اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو

حیدرآباد(نامہ نگار) پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں کو کائونٹر کرنے کے لئے حکومت میدان میں آگئی پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی جانب سے مشترکہ جلسوں کا اعلان کر دیا گیا۔وفاقی وزیراسد عمر نے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے مشترکہ جلسوں کا اعلان کر تے ہوئے واضح کیا کہ تاہم یہ جلسے کورونا ختم ہو گا تو ہوں گے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ملکر بڑا جلسہ کرکے دکھائے گی ، انہوں نے کہا اپوزیشن کے جلسوں سے گھبرانے والی کوئی بات نہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کیپٹن(ر)صفدرکی جس طرح گرفتاری ہوئی اس کی ضرورت نہیں تھی، وہ کونسے بڑے سیاسی ٹارزن ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی قبر پر بے حرمتی کی گئی، چھلانگیں ماری گئیں، کورونا کا کا مسئلہ نہ ہو تا تو پی ٹی آئی، ایم کیو ایم بڑا جلسہ کرکے دکھاتے۔اسد عمر نے کہا کہ کراچی پیکج میں 5 بڑے منصوبوں کی ذمہ داری وفاق نے لی ہے، کے فور پر دوبارہ کام شروع ہوگا اس کی ذمہ داری واپڈا نے لی ہے آئی جی سندھ کے اغوا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ تو نہیں مان رہے کہ آئی جی اغوا ہوا تھا، آئی جی بھی نہیں مان رہے کہ وہ اغوا ہوئے تھے، پولیس تو خود کہہ رہی ہے کہ مقدمہ قانون کے مطابق درج ہوا، جب قانون کے خلاف کام نہیں ہوا تو پولیس افسران نے احتجاج کس چیز پرکیا؟وفاقی وزیر نے مزید کہا پولیس افسران کی چھٹی کی درخواستیں سیاسی کھیل کا حصہ تھا، پولیس افسران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

