
اسلام آباد(کلچرل رپورٹر)پی ٹی وی میں غیرقانونی بھرتیوں اور فنڈز کے غلط استعمال کے الزامات پر تحقیقات اور نیب ایگزیکٹو بورڈ سے تحقیقات کی منظوری کے بعد یوسف بیگ مرزا نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا،یوسف بیگ مرزا نے نیب کو ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست اسلام آباد میں دائر کر دی،درخواست میں چیئرمین نیب ، نیب راولپنڈی ، نیب تفتیشی افسر، اور پی ٹی وی کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جس بنیاد پر دوبارہ نیب انکوائری اور تفتیش کر رہی ہے اس سے قبل نیب مجھے بری الزمہ قرار دے چکی ہے، نیب کو مجھے ہراساں کرنے اور تضحیک سے روکا جائے جس سے میرے بنیادی حقوق متاثر ہوں ، میرے خلاف دوبارہ تحقیقات اور انکوائری شروع کرنا فئیر ٹرائل اور قانون کی منشا کے بھی خلاف ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 2012میں نیب نے میرے خلاف شکایت درست قرار نہ دے کر 2015میں نیب ایگزیکٹو بورڈ نے قرار دیا کہ مزید ایکشن کی ضرورت نہیں، جن بھرتیوں کے حوالے سے مجھ الزام لگایا گیا بعد میں پی ٹی وی نے انھیں مستقل بھی کردیا ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کی جانب سے دوبارہ انکوائری اور دوبارہ تفتیش شروع کرنے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے ،یوسف بیگ مرزا نے وکیل شاہ خاور کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔




