
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ کیے گئے لاک ڈان کے دوران کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں اسلام آباد کی سڑکوں پر جانوروں کو گھومتے دیکھا گیا۔ ایسی ہی ایک ویڈیو منگل سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک تیندوے کو اسلام آباد میں دامن کوہ جانے والی سڑک پر مٹر گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی رات اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک سے ایک تیندوا دامن کوہ روڈ پر نکل آیا اور کبھی سڑک پر چلتے چلتے گرین بیلٹ کی طرف چلا جاتا اور پھر دوبارہ سڑک پر نمودار ہوجاتا۔
Common Leopard Spotted at Damn e Koh Road Margallah Hills National Park. IWMB trying to protect the key stone species of MHNP. In 2018 one dead body recovered from MHNP. IWMB trying to minimize Human wildlife conflict in MHNP. pic.twitter.com/ZVsidHzLFp
— Islamabad Wildlife Management Board (IWMB) (@WildlifeBoard) October 28, 2020
تیندوے کی اس مست خرامی کو اسلام آباد کے شہریوں نے کیمرے میں محفوظ کر لیا۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دامن کوہ روڈ پر تیندوا دیکھا گیا ہے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے جانوروں کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مینجر آپریشن سخاوت ناز نے بتایا کہ اس سے قبل اپریل اور جون میں بھی تیندوا دیکھا گیا تھا، ان میں سے ایک نے کویت ہاسٹل کے عقب میں ایک جنگلی سور کو شکار بھی کیا تھا۔ وہاں پر دو ہیں جن کی نقل و حرکت کیمرے پر متعدد مرتبہ نوٹ کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ تیندوا جب نکلتا ہے تو ایک دن میں پندرہ سے 21 کلومیٹر کا ایریا گھومتا ہے۔ اس میں مادہ تھوڑا کم گھومتی ہے۔
شہریوں کے جنگلی حیات سے تحفظ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہم نے پہلے سے ایس او پیز دے رکھے ہیں۔ کیونکہ یہ جنگلی جانور ہے اور دن میں نہیں نکلتا بلکہ رات کو باہر آتا ہے اس لیے شہریوں بالخصوص ہائیکرز کو بار بار یہ تنبیہ کر رہے ہیں کہ وہ مغرب سے پہلے واپس آ جایا کریں۔
سوشل میڈیا صارفین اس دلچسپ ویڈیو کو شیئر کررتے ہوئے مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے تیندوے کی اس آزادانہ نقل و حرکت کو خوشگوار قرار دیا تو کچھ خوفزدہ بھی دکھائی دیے۔
آسیہ انصر نامی صارف نے لکھا کہ یہ کتنا معصوم ہے، یہ ان کی اپنی مسکن گاہیں ہیں جن پر سڑک بنا کر ہم اپنی اجارہ داری سمجھنے لگے ہیں۔
زہرہ فاطمہ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ بیچارے معصوم جانور۔ لوگوں نے اپنے گھر بنانے کے لیے ان سے ان کے گھر چھین لیے۔
ایک اور صارف کاشف راجپوت نے ازراہ مذاق لکھا کہ گشت کر رہے ہیں، اچھا ہے سکیورٹی کے لیے۔
خانم جان نامی صارف نے لکھا خوبصورت۔ آزاد اور خوشگوار۔ وہ کھیل رہا ہے۔ ایک آزاد جانور کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ایک اور صارف داد ریاض نے فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ امید ہے کہ یہ انسانوں سے محفوظ رہے گا۔




