
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر):سپریم کورٹ نے وکلاء کوٹے کے پلاٹس کا تنازعہ حل کرنے سے متعلق دائر درخواست سننے سے معذرت کرتے ہوئے بار کو معاملہ نمٹانے کی ہدایت کر دی ہے۔پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وکلا کوٹے کے پلاٹس کا تنازعہ حل کرنے سے متعلق درخواست گزار احمد نواز چودھری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ،دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا اسلام آباد جی تیرہ کا پلاٹ وکلاء کوٹے میں میرٹ پر نہیں مل رہا، دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ یہ بار کا معاملہ ہے اور بار کے ایشوحل کرنا ہمارا کام نہیں، بار کے تمام ممبران ہمارے لیے محترم اور برابر ہیں،بار معاملے کو جنرل باڈی کے سامنے رکھے اور طریقہ کار طے کر لے،جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ بار کا معاملہ طے کرنا ہمارے لیے مناسب نہیں ، اگر کسی قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو ہمیں بتائیں، عدالت عظمی نے بار کو وکلائکوٹے کے پلاٹس کا تنازعہ حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی ہے۔ واضح رہے کہ درخواست گزار احمد نواز چودھری نے شاہد کمال ایڈووکیٹ کے ذریعے وکلائکوٹے کے پلاٹس کا تنازعہ حل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔



