سعودی عرب میں باز کے لیے پہلا پاسپورٹ

ریاض:سعودی عرب میں انسانوں کے بعد اب پرندوں کے بھی پاسپورٹ بنیں گے جن پر وہ بیرون ملک سفر کر سکیں گے۔ اس سلسلے میں سعودی عوام کو پسندیدہ پرندہ عقاب بازی لے گیا ہے ۔سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئرعبدالرحمن الفضلی نے جنگلی حیاتیات کے قومی مرکز کی جانب سے باز کے لیے جاری پہلا پاسپورٹ اس کے مالک کے حوالے کیا ہے۔
اخبار چوبیس کے مطابق وزیر ماحولیات الفضلی نے جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے حوالے سے فطری پلیٹ فارم کا بھی افتتاح کیا ہے اس کے ذریعے جنگلی حیا تیات سے متعلق سرگرمیوں شکار درآمد اور برآمد کے اجازت نامے آن لائن جاری ہوں گے۔
علاوہ ازیں سرمایہ کاروں کو بھی متعدد سہولتیں مہیا کرے گا مثلا باز کے لیے پاسپورٹ کا اجرا، جنگلی حیاتیات کی دستاویز، ایکسپورٹ لائسنس کا اجرا، سمندر کے راستے اشیا لانے کی اجازت نامے جاری کرے گا۔ماضی میں جو اجازت نامے دستاویز کی صورت میں جاری کیے جاتے تھے اب وہ آن لائن ہوں گے۔
جنگلی حیاتیات قومی مرکز کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر محمد قربان نے بتایا کہ فطری پلیٹ فارم کے ذریعے 20 سہولیات شہریوں اور متعلقہ افراد کو آسانی سے میسر ہوسکیں گی۔’ڈاکٹر قربان نے بتایا کہ فطری پلیٹ فارم میں تمام متعلقہ اداروں مثلا وزارت داخلہ محکمہ کسٹم، مویشیوں کی ایجنسی، وزارت تجارت، وزارت بلدیات و دیہی امور کے متعلقہ اداروں میں جنگلی حیاتیات کے قومی مرکز سے مربوط کردیا گیا ہے۔