ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مسترد قیادت متاثرین اور بجلی میٹرز کے نام پر سیاست بند کرے
متاثرین اسلام آباد اسد عمر ، علی نواز اور خرم نواز اعوان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہیں اور رہیں گے
اسلام آباد (.نیوزرپورٹر ) تحریک انصاف کے سینئیر رہنما عامر مغل نے کہا ہے کہ ن لیگی دور کی بجلی میٹرز پابندی کھولنے پر اسد عمر کے مشکور ہیں۔ شکست خوردہ ٹولہ بجلی و گیس میٹرز اور متاثرین اسلام آباد کے نام پر پراپیگنڈہ بند کرے۔ میٹرز پابندی اور مالکان اسلام آباد کی تباہی کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں جو پچھلے 60 سال سے اقتدار میں ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مالکان و متاثرین اسلام آباد بالخصوص یوسی جھنگی، یوسی میرا جعفر، یوسی گولڑہ، یوسی سرائے خربوزہ، یوسی بوکڑہ، یوسی ترنول، یوسی بھڈانہ اور یوسی شاہ اللہ دتہ و دیگر دونوں حلقوں کی عوام نے جس محبت سے اسد عمر، راجہ خرم اور علی نواز کو جتوا کر قومی اسمبلی میں بھیجا ہے ہم اس محبت کا قرض کبھی بھی اتار نہیں سکتے ۔ تحریک انصاف مقامی مالکان کی مرضی اور مشاورت کے بغیر CDA اور ہاوسنگ کو کسی قسم کے ایوارڈ اور کاروائی کی اجازت نہیں دے گی۔ مالکان و متاثرین اسلام آباد مقامی MNA اسد عمر ، ریجنل کوآرڈینیٹر متاثرین اعظم خان اور ریجنل سیکرٹری متاثرین کمیٹی سید فرزند شاہ کی قیادت میں متحد ہیں۔ اس شہر نے تینوں جماعتوں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کو اسلام آباد کی قیادت دی لیکن یہ لوگ مقامی مسائل کے خاتمے کی بجائے اس میں اضافے کا سبب بنے اور ان پارٹیوں کی نا اہل قیادت کی وجہ سے آج مالکان اسلام آباد سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں اور ان پارٹیوں کی قیادت اقتدار کو انجوائے کر کے رخصت ہو چکی ہے۔یہی وجہ ہے کہ 2018 ء کے انتخابات میں مقامی عوام نے ان تینوں پارٹیوں کو بری طرح مسترد کر دیا۔ اسلام آباد کو بنے ہوئے 60 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور پچھلے 60 سالوں سے اسلام آباد کے شہریوں سے ووٹ لے کر پیپلز پارٹی اور ن لیگی قیادت یہاں کے شہریوں بالخصوص مالکان اسلام آباد کا استحصال کرتی رہی ہے اور آج جب ایک بے مثال جدوجہد کے بعد اسلام آباد کے شہریوں نے عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے اس کے تینوں نمائندوں اسد عمر ، راجہ خرم نواز اور علی اعوان کو بے مثال کامیابی دلوا کر اسمبلی میں بھیجا ہے اور آج یہ تینوں نمائندے دیہاتی اور شہری علاقوں کیلئے نہ صرف یکساں قانون سازی کر رہے ہیں بلکہ دیہاتوں میں بھی شہروں کے مساوی ترقیاتی کام کروا رہے ہیں جسے دیکھ کر عوام کے مسترد شدہ نمائندے روزانہ کی بنیاد پر حکومت وقت اور منتخب نمائندوں کے خلاف پراپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔ لیکن عوام بخوبی جانتی ہے کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار مقامی شہریوں کیلئے 50% نوکری کا کوٹہ ہو یا قانون کرایہ داری کی منظوری، مقامی لوگوں کے مفاد میں نہ صرف قانون سازی کی جا رہی ہے بلکہ کھربوں روپوں کی لاگت سے شہر اور دیہات میں ترقی کے منصوبے جس میں ہسپتال، اسکولز، کالجز، قبرستان، گلیوں سرکاری اسکول، ڈسپنسریاں ، غازی بروتھا نہر سے پانی کی فراہمی،ترنول انٹرچینج، راول ڈیم انٹرچینج، برما پل اور PWD انٹرچینج تعمیر کئیے جا رہے ہیں۔



