مجھے اپنے کام سے پیار تھا لیکن میں سوچتی تھی کہ میرے اس کام میں کسی چیز کی کمی ہے، یہ وہ نہیں ہے جو مجھے کرنا ہے

اسلام آباد (شوبز رپورٹر) اسلام کی خاطر اداکاری و ماڈلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرنے والی زینب جمیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے تین سال قبل قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی تھی لیکن انہوں نے شوبز چھوڑنے کے اعلان میں تاخیر کردی۔سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ لینے کے بارے میں تفصیل بتائی۔زینب جمیل نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ جو لوگ مجھ سے یہ پوچھ رہے ہیں کہ میں نے اچانک شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیوں کیا تو میں ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے اپنے اس فیصلے کا اعلان کرنے میں تاخیر کردی۔انہوں نے کہا کہ تاخیر کی وجہ شاید یہ تھی کہ میں اس فیصلے پر قائم رہنے کے لیے پوری طرح سے تیار نہیں تھی اور میں ان سوالوں کے جواب تلاش کر رہی تھی جو میرے دماغ میں بہت عرصے سے جنم لے رہے تھے۔سابقہ اداکارہ نے کہا کہ میں نے تین سال قبل قرآن پاک تفسیر سے پڑھنا شروع کیا تھا اور میں اس کے لیے اپنی استاد کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے ناصرف مجھے قرآنی تعلیم دی بلکہ میرے سوالوں کے جواب بھی دیے۔زینب جمیل نے کہا کہ مجھے اپنے کام سے پیار تھا لیکن میں سوچتی تھی کہ میرے اس کام میں کسی چیز کی کمی ہے، یہ وہ نہیں ہے جو مجھے کرنا ہے لہذا اتنے سوچنے سمجھنے کے بعد میں نے شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سابقہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے الفاظ سے کسی بھی اداکار کا دل نہیں دکھانا چاہتی ہوں، میں نے صرف اپنے ایمان کی خاطر اداکاری چھوڑی ہے اس کے علاوہ کوئی دوسری وجہ نہیں ہے۔



