صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس 2020 کی منظوری دے دی

آرڈیننس سے عورتوں اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے معاملات کو جلد نمٹانے میں مدد ملے گی

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس 2020 کی منظوری دے دی۔ آرڈیننس سے عورتوں اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے معاملات کو جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔جنسی زیادتی کے ملزمان کے تیز ٹرائل اور کیسز جلد از جلد نمٹانے کیلئے ملک بھر میں سپیشل کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا,خصوصی عدالتیں 4 ماہ کے اندر جنسی زیادتی کے کیسز کو نمٹائیں گی۔ آرڈیننس کے تحت وزیراعظم انسدادِ جنسی زیادتی کرائسس سیلز کا قیام عمل میں لائیں گے۔ کرائسس سیل 06 گھنٹے کے اندر اندر میڈیکو لیگل معائنہ کرانے کا مجاز ہو گا۔نادرا کی مدد سے قومی سطح پر جنسی زیادتی کے مجرمان کا رجسٹر تیار کیا جائے گا۔آرڈیننس کے تحت جنسی زیادتی کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی اور قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔