اسلام آباد:پاکستان میں چین کے سفیرنئے سفیر مسٹر نونگ رونگ کی سینیٹر رحمان ملک سے ملاقات، سی پیک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی سفیر جمعرات کو سابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پہنچے ۔ سینیٹر رحمان ملک نے مسٹر نونگ رونگ کا پرتپاک استقبال کیا اور انکو پاکستان میں بطور سفیر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں انھوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستی کا رشتہ بہت مضبوط ہے جو روز بروز مستحکم ہوتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک چین تعلقات نئے نوجوان ، زیرک ، تعلیم یافتہ اور تجربہ کار سفارت کار مسٹر نونگ رونگ کی قابل قیادت میں مزید مستحکم اور مضبوط ہوگے۔ انہوں نے کہا مشکل اوقات میں پاکستان کی بھرپور مدد کرنے پر چین کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور وبائی مرض کورونا وائرس کے دوران چین کی طرف سے بھرپور مدد فراہم کرنے پر ہم سب پاکستانی چین کے شکر گزار ہیں۔ دونوں رہنماں نے بین الاقوامی امور خصوصا خطے میں بڑھتے ہوئے تنا ئو پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے انہیں حال ہی میں ڈس انفو لیب کے انکشافات میں بیان شدہ چین اور پاکستان کے خلاف ہندوستانی حکومت کی مجرمانہ کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں ، مشکوک این جی اوز ، تھنک ٹینکس اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت دونوں ممالک کے خلاف سازش کر رہا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کی بھارت و پاکستان کیخلاف منفی اور بدنامی پر مبنی پروپیگنڈے پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دونوں رہنماں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) منصوبوں پر پیشرفت پورے خطے کے لئے وقت بدلنے والی چیز ثابت ہوگی اور منصوبہ دونوں ممالک کی معیشت پر مثبت تبدیلیاں اور اچھے اثرات مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک عوام سے عوام کے رابطے اور چین پاکستان ملٹی سیکٹر تعاون کو بڑھانے کے لئے مثالی کردار ادا کر رہا ہے۔ دونوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک مخالف لابی کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔ سفیر نونگ رونگ نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "آپ ذاتی طور پر چین کے بہت اچھے دوست ہیں اور آپ کے تعاون سے چین میں دہشت گردی کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے کے امن اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ چینی سفیر نے چین اور پاک دوستی کو مستحکم کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مشکل وقتوں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔سینیٹر رحمان ملک نے چینی سفیر کو اپنی پانچ کتابوں کا ایک سیٹ پیش کیا جس پر انہوں نے رحمان ملک کے عظیم فکری کام کی بے حد تعریف کی۔ دونوں رہنماں نے تحائف اور شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا ۔ملاقات ڈھائی گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔


