
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کئی علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، سیکٹرG-13 اور G-14 میں پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، علاقہ مکینوں کو ہفتے میں صرف ایک بارچند گھنٹوں کے لئے پانی فراہم کیا جارہا ہے جو ان کے لئے ناکافی ہے۔ شہریوں کے ایک نمائندہ وفد نے صحافیوں کو بتایا کہ شکایات کے ازالے کے لئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی نے ماضی میں سیکٹر G-13 کے مکینوں کو روزانہ ایک سو ٹینکر پانی فراہم کرنے کا نظام وضع کیا تھا جسے اب بتدریج کم کرکے30 کردیا گیا ہے۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ حکام نے ایسا مقامی پرائیویٹ ٹینکر مافیا کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکٹرکو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی نے مکمل طورپر نظر اندازکررکھا ہے اور سیکٹر میں پانی کی فراہمی کا نظام انتہائی خراب ہے۔ سیکٹرکے مکینوں نے مطالبہ کیا کہ حکام اس مسئلہ کو مستقل طورپر حل کریں تاکہ انہیں پانی کے حصول میں حائل مشکلات سے فوری نجات مل سکے۔ شہریوں نے بتایا کہ G-13/1 کی بیشتر گلیوں اور مین ڈبل روڑ نمبر487 میں لوگوں کو کئی ہفتوں سے پانی فراہمی میں رکاوٹ درپیش ہے کیونکہ اس عرصہ کے دوران نامعلوم وجوہات کی بنا پر ٹیوب ویل بند رہا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سیکٹرG-13 اورG-14 کا کنٹرول وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) سے لیکر فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے حوالے کیا گیا، علاقہ میں پانی کی فراہمی کی صورتحال ابتر ہے کیونکہ اتھارٹی کے پاس سیکٹر میں رہنے والے لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے۔ ۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹررفاقت سعید بھٹی نے رابط پر بتایا کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کے لئے کئی منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔



