بڑی آنت کی صفائی صحت مند زندگی کیلئے انتہائی ضروری


اسلام آباد:بڑی آنت کی صفائی صحت مند زندگی کیلئے انتہائی ضروری ہے، انسان کی بڑی آنت تقریبا 5 فٹ لمبی ہوتی ہے اور ہماری صحت کو برقرار رکھنے میں اس کا انتہائی اہم کردار ہے، بڑی آنت کی صفائی بہت سی تکلیف دہ بیماریوں سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ بڑی آنت کو صاف ستھرا اور صحت مند رکھنے کے لئے 8 طریقوں پر عمل سے صحت مند اور توانا زندگی بسر کی جا سکتی ہے۔ سب سے اہم چیز خوراک میں وٹامن سی کی مناسب مقدار ہے، یہ وٹامن بہت سے پھلوں اور سبزیوں سے حاصل ہو سکتا ہے اور وٹامن سی بڑی آنت سے گندگی کی صفائی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروبائیوٹیک کا استعمال زیادہ کرنا چاہئے۔ دہی پروبائیوٹیک کے حصول کا سب سے بہترین ذریعہ ہے جس میں شامل دوست بیکٹریا بڑی آنت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی تحقیق کے مطابق دہی بڑی آنت کے کینسر سے بچاتا ہے اور پاخانہ کی صورتحال کو بہتر بناتا ہے۔ دہی کے علاوہ پروبائیوٹیکس سیب کے سرکہ سے بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں اور پنیر کی کچھ اقسام بھی پروبائیوٹیکس سے بھر پور ہیں۔ ماہرین صحت نے مزید کہا کہ سٹارچ کو خوراک کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے۔ سٹارچ بہت سی سبزیوں اور پھلوں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ آلو، چاول اور سبز کیلے وغیرہ اس سے بھرپور ہوتے ہیں جس سے جسم میں گٹ مائیکرو فلورا کی تعداد بڑھ جاتی ہے جو بڑی آنت کے لیے انتہائی مفید ہے اور بڑی آنت کے کینسر سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم پانی پینے سے قبض جیسی بیماریوں کے علاوہ اور بہت سی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔ اس لیے روزانہ کم از کم ڈیڑھ سے دو لیٹر پانی کو لازمی اپنی خوراک کا حصہ بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ایسے پھل اور سبزیاں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو اسے اپنی خوراک میں شامل کیا جائے جیسا کہ کھیرا، تربوز، ٹماٹر، اور سٹرابریز وغیرہ۔ طبی ماہرین نے مزید کہا کہ فائبر سے بھرپور کھانے خوراک کو ہضم کر کے خارج کرنے میں انتہائی مدد گار ثابت ہوتے ہیں اور فائبر سے بھرپور کھانے بڑی آنت کو گندگی سے صاف کر دیتے ہیں۔ سبز پتوں والی سبزیاں، دالیں، بروکلی وغیرہ میں فائبر کی ایک بڑی مقدار شامل ہوتی ہے لہذا ان کھانوں کو روزانہ کی خوراک میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قہوہ جات کا استعمال بھی بڑی آنت کو صحت مند رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ادرک کا قہوہ، سبز چائے کا قہوہ اور دیگر قہوے بڑی آنت کی صفائی کرنے میں مددگار ہیں اور یہ خوراک کو ہضم کرنے اور جز بدن بنانے میں بھی انتہائی مفید ہیں۔ مزید برآں قہوے خوراک میں شامل چکنائی کو جمنے نہیں دیتے اور نظام انہظام کو بھی بہتر بناتے ہیں۔ ماہرین صحت نے مزید کہا کہ نمک بھی بڑی آنت کی صفائی کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ نہار منہ گرم پانی میں تھوڑا سا نمک شامل کر کے پینے سے بڑی آنت کی صفائی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنک سالٹ یعنی ہمالیہ کے نمک کا استعمال کیا جائے۔ مزید برآں انسانی جسم کو چاک و چوبند رکھنے کے لیے ورزش بھی بہت ضروری ہے۔ ورزش کو روزانہ کی روٹین کا حصہ بنایا جائے تاکہ جسم کا ایمیون سسٹم ٹھیک ہو اور جسم کے سارے اعضا درست طریقہ سے کام کر سکیں۔