سیریز کے ہیرو وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان تھے جو عالمی درجہ بندی میں 116ویں نمبرسے 42ویں نمبر پر آگئے ہیں

اسلام آباد(محمدرضوان ملک ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں ہوم سیریز میں جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے کر جہاں تاریخ رقم کی وہیں اس سیریز کے دوران قومی ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں نے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کئے ۔اسی سیریز کے دوران پاکستان نے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کامیابی کی سینچری بھی اپنے نام کی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں جب پاکستان نے مقررہ سے ایک اور قبل کامیابی حاصل کی تو یہ اس کا مجموعی طور پر 164واں میچ تھا اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اس کی 100ویں فتح تھی ۔اس طرح پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر نہ صرف ٹیسٹ کے بعد ٹی 20 سیریز اپنے نام کی بلکہ عالمی کرکٹ میں ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں یہ فتح ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی میں 100ویں فتح ہے۔قومی ٹیم دنیا کی وہ واحد ٹیم ہے جس نے 100 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتے ہیں جبکہ اب تک کوئی ٹیم یہ سنگِ میل عبور نہیں کر سکی ہے۔اگریہ کہا جائے کہ اس سیریز کے دولہا پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمدرضوان تھے تو بے جا نہ ہوگا۔ محمد رضوان جو اس سیریز سے قبل عالمی درجہ بندی میں 116ویں نمبر پر تھے ایک لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 42ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔یہ ان کی کیرئیر بیسٹ پوزیشن بھی ہے۔ دونوں ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان کی ٹیم اس وقت عالمی رینکنگ میں 260پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے،پاکستان اور بھارت کے مابین 8پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے جبکہ بھارت کے اس وقت268پوائنٹس ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والی ٹیم بھی ہے، جس نے اب تک 164 میچز کھیل لیے ہیں جن میں اسے 59 میں ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ٹیم نے سب سے زیادہ میچز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جن کی تعداد 24 ہے جس میں اسے 14 میں کامیابی ملی اور 10 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اسی طرح دوسرے نمبر پر جس ٹیم کے ساتھ پاکستان نے سب سے زیادہ میچز کھیلے ہیں وہ آسٹریلیا ہے، دونوں ٹیمیں 23 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے پاکستان کو 12 اور آسٹریلیا کو 9 میں کامیابی ملی، ایک میچ ٹائی ہوا۔پاکستان کے بعد سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی ٹیم بھارت ہے جس نے اپنے 137 میچز میں سے 85 میچز جیتے ہوئے ہیں۔اس سیریز کے دوران حسن علی نے بھی شاندار انداز میں کم بیک کیا ہے اور ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میں شاندار پرفارمنس سے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔


