چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدارکی پاکستان آمد

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق لیو ہائی شنگ اپنے دورے کے دوران پاکستان کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ دو نومبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کی تقریب کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطح اور بین الجماعتی روابط کا حصہ ہے، جو دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔