شہریار آفرید ی سمیت سات ارکان کا ووٹ ضائع ہوگیا


آصف زرداری کو بروقت غلطی کا احساس ہوگیا آفریدی کو جب اپنی غلطی کا احساس ہو ا تو تاخیر ہو چکی تھی


جن دیگر سات ارکان کے ووٹ مسترد ہوئے ہیں ان میں وزیراعظم عمران خان اور زرتاج گل وزیر بھی شامل ہیں،نوید قمر


اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفرید ی سمیت سات ارکان کا ووٹ ضائع ہوگیا۔ شہریار آفریدی کو جب اپنی غلطی کا احساس ہو ا تو تاخیر ہو چکی تھی وہ کوشش کے باوجود دوبارہ بیلٹ پیپر حاصل نہ کر سکے ،بیلٹ پیپر کے دوبارہ اجراء کی درخواست پر ریٹرننگ افسر نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔یاد رہے کہ شہریار آفریدی نے قومی اسمبلی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے مروجہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا تھا، جس کے باعث ان کے ووٹ کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ بدھ کو سینٹ انتخابات کے دوران شہریار آفریدی نے ووٹ ڈالا تو جلد ہی انہیں اندازہ ہوا کہ انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے میں مروجہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا ہے۔ اپنے ووٹ کے غلط کاسٹ کیے جانے پر شہریار آفریدی نے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی اور موقف اختیار کیا تھا کہ کچھ دن سے میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، الیکشن کی تیاری کے حوالے سے پارٹی اجلاسوں میں شرکت نہیں کرسکا تھا۔شہریار آفریدی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ جب میں ووٹ کاسٹ کرنے پہنچا تو آپ سے، آپ کے اسٹاف سے پوچھا، تاہم آپ کا عملہ مجھے گائیڈ کرنے میں ناکام رہا۔تاہم ریٹرننگ آفیسر نے انہیں دوبارہ بیلٹ پیپر جاری نہیں کیا اور شہریار آفریدی کی تحریری درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ریٹرننگ افسر نے کہا کہ وہ درخواست پر فیصلہ بعد میں کریں گے۔یاد رہے کہ شہریار آفریدی نے امیدوار کے سامنے خانے میں ترجیحی نمبر کی بجائے دستخط کر دئیے تھے۔وزیراعظم نے بھی اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ کئی اور ارکان نے بھی کوشش کی کہ شہریار آفریدی کو دوبارہ بیلٹ پیپر جاری کر دیا جائے لیکن چونکہ وہ ووٹ کاسٹ کر چکے تھے اس لئے انہیں دوبارہ بیلٹ پیپر جاری نہ ہوسکا۔ آصف علی زرداری سے بھی غلطی ہو گئی لیکن انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے سے قبل اس کی تصیح کر لی جس کے باعث ان کا ووٹ ضائع نہیں ہوا۔ بعدازں پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر نے میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ جن دیگر سات ارکان کے ووٹ مسترد ہوئے ہیں ان میں وزیراعظم عمران خان اور زرتاج گل وزیر بھی شامل ہیں۔