سی پیک اتھارٹی کے آغاز سے اب تک اس پر 23 لاکھ 38 ہزار 241 روپے کے انتظامی اخراجات آئے ہیں، کنول شوذب


صدارتی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے بعد سے دو عہدیداران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور ذاکر علی شاہ کو تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے ، قومی اسمبلی میں جواب

اسلام آباد:قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سی پیک اتھارٹی کے آغاز سے لے کر اب تک اس پر کل 23 لاکھ 38 ہزار 241 روپے کے انتظامی اخراجات آئے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران آغا رفیع اللہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب نے ایوان کو بتایا کہ سی پیک اتھارٹی کا 5 اکتوبر 2019سے 31 مئی 2020تک خرچ 23 لاکھ 32 ہزار روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی میں کام کرنے والے دو عہدیداران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور ذاکر علی شاہ کو آرڈیننس کی مدت کے خاتمہ کے بعد تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ محمد ہاشم کے ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے حوالے سے آرڈیننس سینٹ میں ہے۔ فی الحال اتھارٹی کے دو عہدیداران کو تنخواہ نہیں دی جارہی۔