این اے 75 ڈسکہ، ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی نوشین افتخار نے میدان مارلیا


نوشین افتخار نے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار اسجد ملہی کو 19 ہزار 201 ووٹوں کی برتری سے ہرایا

اسلام آباد:
پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے میدان مارلیاہے۔ این اے 75 کے تمام 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کی نوشین افتخار ایک لاکھ 11ہزار 220 ووٹ لیکرکامیاب قرار پائی ہیں۔ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے علی اسجدملہی 92ہزار 19ووٹ لیکردوسرے نمبرپر رہے اور یوں نوشین افتخار نے 19ہزار 201 ووٹوں کی واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔
حلقے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا۔
حلقے میں کل ووٹرزکی تعداد4 لاکھ 94ہزار ہے جن کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ۔ الیکشن میں سیکیورٹی کے لیے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کے طورپر موجود رہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئے تھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔جس پر مسلم لیگ ن نے ان کی اہلیہ نوشین افتخار کو ٹکٹ دیاتھا۔
یاد رہے کہ رواں سال 19 فروری کو این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 20 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج تاخیر سے ملنے پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے کا نتیجہ روک لیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے ان تمام واقعات کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے الیکشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے حلقے میں ری پولنگ کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی تھی۔