جیا علی نے بھی چپکے سے گھربسا لیا


شوہر عمران ادریس ہانگ کانگ کی کاروباری شخصیت اور پی ٹی آئی کے رہنماء ہیں

اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جیا علی خاموشی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیںانہوںنے لاہور کی بادشاہی مسجد میں عمران ادریس سے نکاح کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
نکاح کی تقریب میں ان کے چند دوستوں اور عزیزوں نے شرکت کی جبکہ اداکارہ نے اپنے اس خاص دن پر خوبصورت عروسی لباس کے ساتھ گلاب کے گجروں کا انتخاب کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ جیا علی نے ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی بزنس مین اور کرکٹ کوچ عمران ادریس سے شادی کی ہے، اس کے علاوہ ان کے شوہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بھی ہیں۔
جیا علی کے شوہر عمران ادریس نے ایسٹ ایشیئن پیسیفک ممالک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو متحرک کرنے میں اپنا ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ وہ ہانگ کانگ سمیت دنیا کے کئی ممالک کی کرکٹ ٹیموں کی کوچنگ کرچکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جیا علی کی وائرل تصویروں پر شوبز ستارے اور صارفین کی بڑی تعداد اداکارہ کو شادی کی مبارکباد پیش کررہی ہے۔


جیا علی نے پاکستان شوبز میں بطورِ ماڈل اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن ان کو فلم دیوانے تیرے پیار کے سے کافی شہرت ملی جو سال 1997 میں ریلیز ہوئی تھی اور یہ فلم سید نور کی ہدایتکاری میں بنائی گئی تھی۔
جیا علی کی دیگر فلموں گھر کب آو گے، نخرہ گوری کا، سایہ خدائے ذوالجلال اور لو میں گم شامل ہیں۔
جیا علی پاکستان کے کئی نامور ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں کاغذ کے پھول، بند کھڑکیوں کے پیچھے، کبھی کبھی پیار میں، ہم سب عجیب سے ہیں، اور منزلیں سمیت دیگر شامل ہیں۔