تمام معاشی اعشاریئے گواہ ہیں کہ زرداری اینڈ شریف کمپنی کی 35 سالہ تاریخی لوٹ مار کے بعد صرف تین سالوں میں معیشت درست سمت پر چل پڑی ہے

اسلام آباد (نیوزرپورٹر ) سینئیر رہنما تحریک انصاف عامر مغل نے نئے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور کسان اور سرکاری ملازمین دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعظم مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بلاول زرداری سمیت اپوزیشن کا بجٹ کے خلاف واویلا بے جا ہے۔ کورونا وبا کی تباہ کاریوں کے باوجود سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان کی معیشت ICU سے نکل چکی ہے۔ شرح نمو میں 4 % اضافہ ، کسانوں کی آمدن میں امسال 1100 ارب زائد آمدنی اور گزشتہ سال بیرون ملک سے تاریخ ساز 27 ارب ڈالر کی ٹرانزیکشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی معیشت اب بہتری کی طرف رواں دواں ہے۔ شریف اینڈ زرداری کمپنی کی گزشتہ 35 سالہ تاریخی لوٹ مار کے باوجود صرف تین سالوں میں تحریک انصاف کی حکومت معیشت کو درست ٹریک پر لے آئی ہے ۔ جس کی گواہی غیر جانبدار زرائع بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی بجٹ نا منظور ہونے دینے کی گیدڑ بھبھکیاں فضول ہیں۔ ماضی کی طرح اس سال بھی حکومت بجٹ آسانی سے منظور کروا لے گی۔


