حکومت کی بار بار آئینی ادارے کے کام میں مداخلت چیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے کا امکان

اسلام آباد(قاضی بلال خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن کے اختیارات غصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کیلئے حکومت نے اس کے پر کاٹنے کی مکمل تیاریاں کر لی ہیں ۔ انتخابی فہرستوں کی تیاری میں مداخلت پر الیکشن کمیشن کا شدید ردعمل آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا غیر رسمی اہم اجلاس چند روز میں ہونے کا امکان ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن اراکین کو اعتماد میں لیں گے ۔ اور اس کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر حکومت نے الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات میں مداخلت کا سلسلہ بند نہ کیا تو پھر چیف الیکشن کمشنر استعفٰی دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب چاروں ممبرز کمیثن بھی حکومت کی جانب سے بے جا مداخلت سے نالاں ہیں اور وہ بھی آئے روز کی حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے نام پر الیکشن کمیشن کو دبائو میں لانے کے عمل سے بے زار ہو چکے ہیں ۔ آئندہ چند روز اس آئینی ادارے کے لئے بہت زیادہ اہم ہیں ۔