وفاقی وزارت خزانہ نے قومی بچت سکیموں کے منافع پر ٹیکس ڈبل کرکے غریب پنشنرز کی جیبوں سے کروڑوں روپے ہتھیا لئے

فائلر اور نان فائلرز کے ٹیکس میں سو فیصد اضافہ کر دیا گیا عوام کا شدید احتجاج فوری طور پر ظالمانہ ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد(قاضی بلال خصوصی نمائندہ)وفاقی وزارت خزانہ نے غریب پنشنرز اور قومی بچت میں سیونگ اکائونٹس والوں کو بھی معاف نہ کیا ۔ یکم جولائی سے فائلر اور ان فائلرز کے چکر میں لوگوں کے اکائونٹس سے کروڑوں روپے نکال لئے گئے۔ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے وزارت خزانہ نے قومی بچت بینک کی مختلف سکیموں فائلر کی کٹوتی د س فیصد سے بڑھا کر پندر ہ فیصد کر دیاگیا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ نان فائلر پر ٹیکس کی حد بیس فیصد سے بڑھا کر تیس فیصد کر دی گئی ہے ۔ دوسری جانب نئی چیک بک دینے کے نام پر بھی ہر اکائونٹ ہولڈر سے پانچ سو روپے بھی وصول کئے جا رہے ہیں ۔ حکومت کے اس اقدام سے لوگوں کی جیبوں سے کروڑوں روپے ماہانہ کی بنیاد پر نکالا جا رہا ہے ۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ نے عوام کو کوئی اطلاع نہیں دی ہے ۔ ٹیکس میں بے جا اضافہ پر عوام اور بالخصوص بوڑھے پنشنرز اور معمولی سرمایہ کرنے والوں نے وزارت خزانہ کے اس اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے ۔