
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سینئر سیاستدان سابق گورنر اور وزیرِ اعلی سندھ ممتاز بھٹو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ممتاز بھٹو کے ترجمان ابراہیم ابڑو کے مطابق ممتاز بھٹو کچھ عرصے سے علیل تھے، ان کا انتقال کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ممتاز بھٹو کی میت 6 بجے ان کے آبائی شہر لاڑکانہ روانہ کی جائیگی۔ممتاز بھٹو سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے کزن اور قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ممتاز بھٹو نے 22 دسمبر 1971 سے 20 اپریل 1972 تک سندھ کے آٹھویں گورنر کے فرائض سرانجام دیئے، بعد ازاں یکم مئی 1972 سے 20 دسمبر 1972 تک وہ صوبہ سندھ کے 13ویں وزیرِ اعلی بھی رہے۔ممتاز بھٹو 1967 سے 1988 تک پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، بعد میں انہوں نے اپنی سندھ نیشنل فرنٹ کے نام سے سیاسی جماعت بنائی۔ممتاز بھٹو نے 2017 میں اپنی سیاسی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کو تحریکِ انصاف میں ضم کر دیا تھا۔



