
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل اپنایا ہے اور لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے ملاقات کی، احمت البراک نے پنجاب کے صحت، ہاؤسنگ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر احمت البراک نے کہا کہ پنجاب میں صحت، ہاؤسنگ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کی لازوال دوستی مفید معاشی تعاون میں ڈھل رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر کرنے کے لئے نئے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔
ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری کیپٹن زاہد سعید، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنر کے صدر ڈاکٹر سعید اختر، لارڈ میئر لاہور کرنل مبشر جاوید اور چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے




