
مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ان کے دور اقتدار میں پنجاب کا مزدور خوشحال تھا آج مزدور دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان لیبر فیڈریشن کے فاؤنڈر سیکرٹری جنرل حاجی محمد سعید آرائیں نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے میاں محمد منیر اور صدر لیبر ونگ پاکستان مسلم لیگ سجاد بلوچ بھی موجود تھے جبکہ لیبر فیڈریشن کے وفد میں اویس احمد قریشی، رانا حشمت خان اور اور نگزیب بھی شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اقتدار میں ہو یا نہ ہو مزدور طبقے اور ان کی فلاح و بہبود کو نہایت اہمیت دیتی ہے، ان کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں موجود ہر لیبر تنظیم میں ہماری نمائندگی موجود ہے اور ہمارے ساتھی مزدور کارکن پارٹی کا پیغام ہر سطح پر پہنچا رہے ہیں۔ حاجی سعید آرائیں نے چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کے پانچ سالہ دور حکومت کی کوئی مثال نہیں، پورے پاکستان میں مسلم لیگ کو فعال کرنے کیلئے جلد لیبر تنظیموں کا نمائندہ اجلاس بلایا جائے گا.



