عدالت کے حکم پر ریحام خان نے عوامی سطح پر معافی مانگی اور جھوٹ بولنے پر ہرجانہ ادا کیا زلفی بخاری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ و اینکر پرسن ریحام خان نے وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری پر لگائے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ریحام خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زلفی بخاری پر لگائے جانے والے الزامات پر معافی نامہ شیئر کیا۔اپنے معافی نامے میں ریحام خان نے کہا کہ میں نے 6 اور 7 دسمبر 2019 کو اپنے یوٹیوب چینل، فیس بک پیج اور اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ویڈیو کے ذریعے ذوالفقار عباس بخاری پر نیویارک کی روزویلٹ ہوٹل کو کم قیمت پر فروخت یا حاصل کرنے کے حوالے سے الزامات عائد کیے جو غلط اور جھوٹے تھے۔ریحام خان نے اپنے ٹوئٹ میں 7 دسمبر 2019 کو زلفی بخاری پر دھوکہ دہی اور اقربا پروری، 15 مارچ 2020 کو جعلی دستاویزات دکھانے اور غیر قانونی طریقے یا دھوکہ دہی سے پیسہ بنانے کے الزامات کو بھی غلط اور جھوٹا قرار دیا۔اسی طرح 17 مارچ 2020 اور 23 مارچ 2020 کو انہوں نے زلفی بخاری پر کورونا وبا کے انتظامات کے حوالے سے کردار ادا کرنے سے متعلق الزامات پر بھی کہا کہ یہ غلط اور جھوٹے تھے۔ریحام خان نے زلفی بخاری پر لگائے گئے الزامات پر غیر مشروط معافی مانگی اور ہتک عزت اور قانونی اخراجات کی مد میں رقم ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔زلفی بخاری نے اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچ کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ عدالت کے حکم پر ریحام خان نے عوامی سطح پر معافی مانگی اور جھوٹ بولنے پر ہرجانہ ادا کیا۔واضح رہے کہ زلفی بخاری نے ان الزامات پر اعتراضات اٹھائے تھے اور ریحام خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں ہدف بنایا گیا اور کرپشن کا الزام لگایا گیا۔



