شیخ رشید ہر بوٹ میں فٹ ہو جاتے ہیں، غفور حیدری

لاہور:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سینیئر رہنما و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عوام اللہ کا نام لیکر سڑکوں پر نکلیں اور اس نالائق حکومت کا تختہ الٹ دیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری نے بیان دیا کہ جے یو آئی انتہا پسندجماعت ہے، عمران خان نے ڈی چوک میں بیٹھ کو پارلیمنٹ اور فوج کو گالیاں دیں، آپ نے بجلی،گیس اور پانی کے بل جلائے، پی ٹی وی پر حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں، ہم نے مارچ کیا مگر کسی ایک چیز کو نقصان نہیں پہنچایا، ہماری تحریک اور آپ کا دھرنا اور کردار قوم کے سامنے ہے، قوم نے فیصلہ کرنا ہے انتہا پسند کون ہیں؟ دلیل کی بنیاد پر کہتا ہوں آپ انتہاپسند اور دہشت گرد ہیں۔
شیخ رشید کے حوالے سے سوال پر غفور حیدری نے کہا کہ شیخ رشید ہر بوٹ میں فٹ ہوتے ہیں، وہ صبح کسی جماعت میں اور شام کسی جماعت میں ہوتے ہیں۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھاکہ آپ نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے، ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، آپ نے قوم سے جو وعدے کیے تھے ان پر کتنا عمل کیا؟ عوام اللہ کا نام لیکر سڑکوں پر نکلے اوراس نالائق حکومت کا تختہ الٹ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے خود اعتراف کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن اپنی نالائقی کی وجہ سے ہارے ہیں۔


