ویکسین لگوانے کے باوجود شہباز شریف ایک بار پھر سے کورونا میں مبتلا ہوگئے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف میں وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیاں ترک کر کے اپنی رہائشگاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اس سے قبل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔گزشتہ سال جون میں شہباز شریف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ماڈل ٹان میں واقع رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا تھا اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کچھ دنوں بعد صحت یاب ہوگئے تھے۔اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی بھی دوسری بار کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔شہباز شریف کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر کئی رہنما بھی کورونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔