
اسلام آباد:سائنسی اور تکنیکی تعاون کی وزارتی قائمہ کمیٹی کامسٹیک، اسلام آباد، پاکستان اور مصطفی (ص) سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فانڈیشن، تہران، ایران نے جمعے کے روز ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ کامستیک کی نمائندگی اس کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کی جب مصطفی (ص) سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فانڈیشن کی نمائندگی اس کے چیف ایگزیٹو آفیسر مہدی سفارینیا نے کی ۔ مفاہمت نامہ دونوں تنظیموں اور انفرادی سائنسدانوں اور ملازمین کے درمیان باہمی تحقیقی سرگرمیوں کے مواقع کے سلسلے میں بات چیت اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرے گا اور حقیقی اور ممکنہ کردار ادا کرنے والوں کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا جو اسلامی دنیا میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات کی ترقی کے خواہشمند ہیں۔
یاداشت دونوں اداروں کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ اہداف اور مقاصد کے حصول کے لیے تعاون میں اضافہ کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔
اس یاداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر تعاون کو فروغ دیں گے، اور سائنس اور ٹیکنالوجی، سماجی و اقتصادی ترقی، تیز رفتار صنعت کاری، اور مشترکہ دلچسپی کے متعلقہ شعبوں میں تکنیکی تعاون کے طریقہ کار کے استعمال میں بہترین طریقوں کی نشاندہی پر ایک دوسرے سے مشاورت کریں گے۔
مصطفی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فانڈیشن اور کامسٹیک نے نوجوان سائنسدانوں کی فیلوشپ پروگرام کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں تاکہ نوجوان سائنسدانوں کو اسلامی ممالک میں معروف کمپنیوں کے بہترین سائنسی اور تحقیقی اداروں کے تعاون سے مدد فراہم کی جا سکے۔ یہ پروگرام نوجوان سکالرز اور ٹیکنالوجسٹس کو 6 سے 12 ماہ کی فیلوشپ فراہم کر کے ان کی مدد کرے گا۔



