ہردور کی معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کر گئیں

عمر 92 برس تھی ،آٹھ جنوری کو کورونا کا شکار ہونے کے بعد سے زیر علاج تھیں


ممبئی :بھارت کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر مختصر علالت کے بعد92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔وہ نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان ، بنگلہ دیشن اور پوری دنیا میں اپنے رس بھرے نغمات کی وجہ سے مشہور تھیں انہیں ہر دور کی معروف گلوکارہ بھی کہا جاتا ہے ۔بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق انہیں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد طبیعت بگڑنے پر منگل کو دوبارہ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔لتا منگیشکر گزشتہ ماہ 8 جنوری کو کورونا کا شکار ہوئی تھیں اور انہیں نمونیا بخار بھی تھا اور وہ تب سے اب تک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
تقریبا 20 دن تک انہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں انتائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا مگر گزشتہ ہفتے ان کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹاکر آکسیجن پر رکھا گیا تھا۔ایک روز قبل ان کی صحت بگڑنے پر انہیں وینٹیلیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔سال 2019 میں بھی لتا منگیشکر ایک ماہ تک سانس میں تکلیف کے باعث ہسپتال میں زیر علاج رہی تھیں، ابھی بھی ڈاکٹرز نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ ضعیف العمری کی وجہ سے انہیں کئی دن تک ہسپتال میں رکھا جا سکتا ہے۔
لتا منگیشکر کو بھارت کی ہر دور کی مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے، وہ پاکستان کے علاوہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول رہیں۔ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پید اہونے والی لتا منگیشکر کو ان کی گلوکاری کے عوض بھارت کے بڑے سول ایوارڈز سمیت انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔انہیں بھارت کے سب سے بڑے سول ایوارڈز بھارت رتنا، پدما ویبھوشن اور پدما بھوش کے علاوہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔انہوں نے 1942 ء میں گلوکاری کا باقاعدہ آغاز کیا اور پھر پیچھے مڑ کر نہ دیکھا انہوں نے ہزاروں سپرہٹ گیت گھائے اتوار چھ فروری کی صبح یہ مدھر آواز ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی۔