ہمیں اپنے دین پرشرمانا نہیں چاہئے بلکہ فخر کرنا چاہئے کرکٹر محمد رضوان

پاکستان سپر لیگ میں ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھے سے میرے دین کے بارے میں سوالات کئے انٹرویو

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے دین پر شرمانا نہیں چاہیے بلکہ فخر کرنا چاہیے اور پاکستان سپر لیگ میں ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھ سے میرے دین کے بارے میں سوالات کیے۔برطانوی اردو ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے آسٹریلین فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ کو سب سے مشکل بالر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ بالرز میں مجھے ہیزل وڈ مشکل لگے ہیں جبکہ کیریئر کے ابتدائی دور میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اسپنر ذوالفقار بابر مشکل لگتے تھے، اس کے بعد بنگلہ دیشی اسپنر شکیب الحسن بھی مشکل لگے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی قربانی کے بغیر نمبر ایک نہیں بن سکتا، ایسا نہیں ہو سکتا کہ میں انڈر 16 سے براہ راست قومی ٹیم میں کھیل لوں، ایسی صورت میں مجھے درمیان کی مشکلات کا پتا ہی نہیں ہوگا اور کل کو کوئی بچہ مجھ سے پوچھے گا تو میں اسے نہیں بتا سکوں گا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کے کپتان نے مزید کہا کہ جب مجھ پر مشکلات آئیں گی تو مجھے تجربہ ملے گا اور اسی تجربے سے آدمی کامیاب انسان بنتا ہے، البتہ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ آپ کا یقین کتنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں رضوان نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اپنے دین پر شرمانا نہیں چاہیے اور نبی اکرمۖ اور دین کے طریقوں پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ گورے جب ہم سے اس بارے میں پوچھتے ہیں تو ان کو سکون ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو گوروں کے سامنے نماز پڑھتے اور اذان دیتے ہوئے عجیب لگتا ہے کہ یہ لوگوں کے سامنے کیا کر رہا ہے لیکن ان گوروں سے پوچھیں کہ جب ہم یہ کر رہے ہوتے ہیں تو انہیں سکون مل رہا ہوتا ہے اور وہ ہم سے پوچھ رہے ہوتے ہیں۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان نے اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھ سے دین کے بارے میں کئی سوالات کیے، یہاں تک کہ جو سجدے کی وجہ سے پیر پر نشان بن جاتا ہے تو اس بارے میں بھی ڈیوڈ ولی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا یہ نماز کی وجہ سے بنا ہے، انہیں ہمارے دین سے لگا ہے لیکن ہمیں سب کے سامنے کرنے میں شرم آتی ہے۔انہوں نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آپ ہماری کرکٹ ٹیم کے بارے میں اچھی امید رکھیں اور اگر ہم بیٹنگ کر رہے ہوں تو دل میں یہ ڈر نہیں لائیں کہ یہ آٹ ہو جائے گا، ہمارے بالر کے بارے میں بھی ایسا نہ سوچیں کیونکہ وہ بہت بہادر بالرز ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام پاکستانی دنیا میں نمبر ایک بننے کی کوشش کریں، جب ہم سب مل کر نمبر ایک کا سوچیں گے تو ہماری پاکستانی قوم نمبر ایک بن ہی جائے گی۔