وزیراعظم پری پول دھاندلی کے مرتکب ہوئے ہیں، جاوید انتظار

اسلام آباد:سیاسی سرکس نے ملک کو اندھیر نگری چوپٹ راج بنا دیا .اقتدار کی رسہ کشی میں عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا .اخلاقیات کا جنازہ نکال کر سیاست کو گالی بنا دیا گیا .حکومت اور الیکشن کمشن میں چپقلش چل رہی ہے .چیئرمین اسلام آباد آزاد گروپ سابق امیدوار قومی اسمبلی جاوید انتظار نے اہلیان بہارہ کہو کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ الیکشن کمشن نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کو خلاف قانون قرار دیا ہے .آرڈیننس کا سیکشن 181اے،الیکشن ایکٹ کی شق 233 سے متصادم ہے.جس کے تحت وزیراعظم ،وزرا، گورنرز ،سپیکرز اورمشیروں پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی ہے ۔اس کے باوجود وزیر اعظم انتخابی مہم میں حصہ لے کر پری پول دھاندلی کے مرتکب ہوئے ہیں .الیکشن کمشن اپنے حکم نامے پر عملدرآمد کرواتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کرے .جاوید انتظار نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی مشروط اجازت ختم کی جائے.اجازت آزاد بلدیاتی امیدواروں سے ناانصافی کے مترادف ہے .اسلام آباد میں آزاد بلدیاتی امیدواروں کی اکثریت کامیاب ہوگی.