سیاسی و نظریاتی دشمنی بناکر گالیاں دینا معاشرے کیلئے مہلک ہے مفتی تقی عثمانی سیاستدانوں کی بدزبانی سے نالاں

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)ملکی سیاست میں سیاسی رہنماوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کا موقف سامنے آگیا۔معرف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات میں اسلامی احکام و اقدار بری طرح پامال ہورہی ہیں۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اسلامی احکام کی پامالی پر تصور کرکے ڈر لگتا ہے، اللہ تعالی اس کے وبال سے بچائے۔انہوں نے کہا کہ سور الحجرات میں ہے کہ ایک دوسرے کا مذاق نہ اڑاو، غیبت، بدگمانی نہ کرو، دوسرے کی ٹوہ میں نہ رہو اور کسی کا نام بگاڑ کر نہ بلاو۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اختلاف چاہے سیاسی ہو یا نظریاتی اسے دشمنی بناکر مرنے مارنے اور گالیاں دینے کا طریقہ معاشرے کے لئے مہلک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنقید دلائل سے ہوتی ہے بھونڈی زبان سے نہیں۔ قرآن میں حضرت موسی و ہارون علیہ السلام کو فرعون کے مقابلے میں بھی نرم بات کرنے کی تلقین فرمائی گئی خدارا سوچیں کہ ہم کہاں جارہے ہیں۔