اسلای اقدار کے منافی ڈراموں پر پابندی طالبان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی ہدایت پر لگائی گئی ہے
کابل:افغانستان میں ایک میڈیا گروپ نے اعلان کیا ہے کہ طالبان حکام نے انھیں ٹیلی ویژن پر ڈرامہ سیریز نشر کرنے سے روکنے کی ہدایت کی ہے۔
موبی گروپ نے کہا کہ یہ حکم طالبان کی خفیہ ایجنسی سے موصول ہوا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم طالبان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے جاری کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق گروپ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ حکم کی تعمیل کررہے ہیں اور جمعرات کی رات سے شروع ہونے والی غیر ملکی ڈرامہ سیریز کی نشریات بند کررہے ہیں۔
گروپ نے تجویز بھی پیش کی ہے کہ غیر ملکی ڈرامہ سیریز کی نشریات پرپابندی سمیت تمام دیگر امور پر وزارت اطلاعات وثقافت اور میڈیا تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیشن میں بہتر طریقے سے بات چیت کی جائے اور حکومتی اصولوں کے مطابق حتمی فیصلے کا اعلان وزارت اطلاعات او رثقافت کی طرف سے سرکاری طور پر کیا جائے۔
واضح رہے کہ رپورٹرز ود اوٹ بارڈرز نے گزشتہ ماہ ایک رپورٹ میں کہا تھاکہ گزشتہ اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے، میڈیا کے 230 سے زائد ادارے بند ہوچکے ہیں اور ہزاروں صحافی، جن میں زیادہ تر خواتین ہیں، اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ طالبان حکام نے افغان میڈیا کے خلاف سخت سنسر شسپ عائد کی ہوئی ہے اور صحافیوں پرتشدد کرتے ہیں جس سے افغانستان میں تنقیدی رپورٹنگ کافی حد تک محدود ہوگئی ہیں تاہم طالبان کے ترجمانوں نے میڈیا سنسر شپ کی مسلسل تردید کی ہے اور ان دعووں کو مسترد کیا ہے کہ وہ افغان صحافیوں پر بہت زیادہ پابندیاں لگارہے ہیں۔


