لیگ میں چھ فرنچائزٹیمیں، گلگت مارخور، ہنزہ راکس،فری میڈو لیپرڈ،پھنڈر ٹائیگرز،کے ٹو ڈائمنڈز، جی بی لیجنڈزشامل ہونگی
پرومو میچ یکم اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا، کرکٹ ڈپلومیسی سے سیاحت کو فروغ، جی بی کی خوبصورتی سامنے لائی جائے گی۔پریمئرلیگ کے سی ای او ثنا الرحمن

اسلام آباد:ملکی تاریخ میں پہلی بار گلگت بلتستان پریمئر لیگ (GBPL)کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے جس میں چھ فرنچائزٹیمیں حصہ لیں گی جن کے کپتا ن اور کھلاڑیوں کی اکثریت قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کرکٹرز پر مشتمل ہوگی، پریمئر لیگ کا پہلا پرومو میچ یکم اپریل کو فیصل ٹان کرکٹ گرانڈ اسلام آباد میں ہوگا۔گلگت بلتستان پریمئر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرثنا الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ گلگت بلتستان کی پہلی گلگت بلتستان پریمئر لیگ کروانے کا فیصلہ کیاگیاہے جس میں چھ ٹیمیں شامل ہونگی۔ ان چھ فرنچائز ٹیموں میں گلگت مارخور، ہنزہ راکس،فری میڈو لیپرڈ،پھنڈر ٹائیگرز،کے ٹو ڈائمنڈز اور جی بی لیجنڈز شامل ہونگی،ان فرنچائزز میں ہر ٹیم کا کپتان پاکستان کا نیشنل کرکٹر ہوگا۔ اس حوالے سے پہلا پرومو میچ یکم اپریل بروز جمعہ فیصل ٹائون کرکٹ گرانڈ اسلام آباد میں ہوگا، اس موقع پر گلگت بلتستان پریمئر لیگ کی تعارفی تقریب بھی منعقد کرائی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ ماہ اگست اورماہ ستمبر میں گلگت بلتستان کے میدانوں میں گلگت بلتستان پریمئر لیگ کاباقاعدہ انعقاد کرایا جائے گا اور یہ میلہ سجاکر گلگت میں سیاحت کو فروغ اور کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے گلگت بلتستان کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں متعارف کرایاجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ اس منفرد ایونٹ کے مرکزی سپانسر امارات ڈویلپرز ہیں جن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرفرحان گیلانی پہلے پرومو میچ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

