ریکارڈ ساز کامیابی میں جہاں سب سے بڑا ٹوٹل چیز کیا وہاں کئی ایک ریکارڈ بھی اپنے نام کئے۔
لاہو ر :پاکستان نے کپتان بابراعظم اور امام الحق کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 348 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخرزمان نے ٹیم کا جارحانہ آغاز فراہم کیا اور 118 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ فخرزمان نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد کپتان بابراعظم اور امام الحق کے درمیان میچ وننگ پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
بابراعظم اور امام الحق کے درمیان بھی 111 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی اس دوران امام الحق نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرکے انٹرنشینل کرکٹ میں تیز ترین 9 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ وہ 106 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے ، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
دوسری جانب کپتان بابراعظم نے بھی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے 73 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور وہ 114 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے جب کہ انہوں نے بھی اپنی اننگز میں کئی ریکارڈ قائم کیے۔
بابراعظم نے کم سے کم اننگز میں 15 ون ڈے سنچری اسکور کرنے کاریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان کی جانب سے بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں جب کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنانے والے واحد پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں پاکستانی کپتان آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں تیز ترین 4 ہزار رنز بنانے والے ایشین کرکٹر بھی بنے تھے۔
قبل ازیں دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پہلے ہی اوور میں ایک کے مجموعی اسکور پر آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے۔تاہم سنچورین بین میکڈرموٹ اور ٹریوس ہیڈ نے162 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ٹریوس ہیڈ 163 کے مجموعی اسکور پر 89 رنز بناکر زاہد محمود کا شکار بنے۔آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 237 کے مجموعی اسکور پر گری جب بین میکڈرموٹ 104 رنز بناکر محمد وسیم جونیئر کا شکار بنے۔ مارنس لبوشین 59 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر سعود شکیل کو کیچ دے بیٹھے۔295 کے مجموعی اسکور پر ایلکس کیری اور 301 کے مجموعی اسکور پر کیمرون گرین 5،5 رنز بناکر آٹ ہوئے۔آخری اوور میں مارکس اسٹوئنس 49 اور شان ایبٹ 28 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شا ہ آفریدی نے 4، محمد وسیم جونیئر نے 2 جب کہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ شاہین شاہ آفرید کو حسن علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، سعود شکیل، خوشدل شاہ، افتخار احمد، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر ، زاہد محمود اور حارث رئوف شامل تھے۔
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ(کپتان)، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرموٹ، مارنس لبوشین ، مارکس اسٹوئنس، ایلکس کیری ، کیمرون گرین، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، مچل سویپسن اور ایڈم زیمپا پر مشتمل تھی۔



