فواد چودھری کا ایک اور یوٹرن قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں مداخلت کا لفظ نہیں

قبل ازیں فواد چوہدری ایک انٹرویو میں پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب ہونے کا اعتراف کرچکے ہیں


اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات نے عمران خان کے بیانیے بیرونی سازش اور قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے سے متعلق گفتگو کی ہے۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں مداخلت کا لفظ بھی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ آپ سازش کو نکال دیں مگر یہ معلوم کر لیں کہ جو مداخلت ہوئی وہ کس حد تک ہوئی، مداخلت میں کون کون سے مقامی کردار شامل تھے اور سفارت خانوں میں ملاقاتوں کا پیٹرن کیا تھا؟
سابق وزیر اطلاعات کے مطابق ان ملاقاتوں کی تفصیلات انٹیلی جنس اداروں کے پاس موجود ہے جو سامنے آنی چاہیے، کابینہ کے آخری اجلاس میں مراسلے کی کاپی چار شخصیات کو بھجوانے کا فیصلہ کیا جن میں صدر، اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور چیف جسٹس شامل تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے ایک انٹرویو میں پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب ہونے کا اعتراف کیا تھا۔خیال رہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ ان کی حکومت بیرون ملک ہونی والی سازش کے تحت گرائی گئی ۔ جبکہ پی ٹی آئی کے سابق وزیر اطلاعات اس حوالے سے دونوں بیانات میں پارٹی پالیسی کی نفی کرتے نظر آتے ہیں۔