انفرادی واجتماعی مسائل کی وجہ دین سے دوری ہے : اسد اللہ چوہدری ایڈووکیٹ

نئی نسل کو قرآن اور صاحب قرآنۖ کی زبان کا علم سکھانے سے معاشرہ مثالی بنے گا


اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر) ممتاز قانون دان تحریک پاکستان کے خاموش کارکن حاجی شہاب الدین کے پوتے محمد اسد اللہ چوہدری نے کہا کہ انفرادی واجتماعی مسائل کی وجہ دینی روایات سے دوری ہے۔ ہمارے ”بڑے” آج اپنی زندگیوں میں دینی تعلیمات کا چراغ روشن کرلیں تو درپیش مسائل سے مکمل نجات کا خواب دنوں میں تعبیر پاسکتا ہے۔ خصوصی نشست میں انہوں نے بتایا کہ عدم برداشت ایک دوسرے پر بالادستی اور معاف نہ کرنے کی روش مسلسل خاندان اجاڑ رہی ہے۔ صبر’ شکر’ رواداری’ اخوت ‘ احساس، نظر انداز اور خاموش رہنے کی ارفع عادات گلشن کو خوبصورت اور دلکش بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ محمد اسد اللہ چوہدری نے بتایا پاکستانی عدالتوں میں طلاق کی شرح میں خطرناک اضافہ لمحہ فکریہ ہے والدین، اساتذہ کرام اور اہل دانش معاشرے کو اس لعنت سے نجات دلانے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔ ایک سوال پر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے بتایا کہ بار اور بنچ کو ہمیشہ مسائل کا سامنا رہا تاہم بہترین حکمت عملی سے تعلقات کی نئی جہتیں متعارف ہوتی رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جونیئر وکلا کی 5 سے 10 فیصد تعداد مہارت اور صلاحیت کے زعم میں اخلاقیات اور ادب واحترام سے دور ہورہی ہے حالانکہ ادب وتکریم کے بل پر ہی انسان ترقی کی معراج کو چھوتا ہے۔ محمد اسد اللہ چوہدری نے نئی نسل کی تربیت میں عربی زبان کی شناسائی کو لازمی قرار دینے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن اور صاحب قرآنۖ کی زبان جان کر نئی نسل معاشرے ، دین اور پاکستان کی بہتر خدمت کرسکتی ہے۔