خادمین حرمین الشریفین پاکستان اور اہل پاکستان سے محبت کا مثبت جواب ضرور دیں گے
مکہ اور مدینہ شریف میں عقیدت’ رحمت اور سعادت کے نظارے ناقابل بیان ہیں۔ وفد سے گفتگو

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر ) ممتاز عالم دین مرکزی صدر اتحاد مشائخ پاکستان پیر محمد اکرم شاہ نے کہا کہ ہم خادم پاکستان وزیراعظم شہبازشریف سے دردمندانہ اپیل کرتے ہیں کہ جس طرح حکومت آٹا’ گھی’ چینی اور پٹرول پر شہریوں کو سبسڈی دے کر خدمت کررہی ہے اسی طرح وہ مقدس سفر پر جانے والے ایک لاکھ خوش نصیبوں کو بھی سبسڈی کے پھول دیں۔ وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سے عازمین کو بہت امیدیں وابستہ ہیں اور انہیں امیدیں پوری کرنا چاہیے وزیراعظم شہبازشریف اگر سعودی حکومت سے درخواست کریں تو ان شااللہ خادمین حرمین الشریفین پاکستان اور اہل پاکستان سے محبت کا مثبت جواب ضرور دیں گے۔ پیر محمد اکرم شاہ نے بتایا کہ ماہ صیام سے قبل سعودی حکومت نے سرکاری طورپر کورونا ایس اوپیز ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو اس اعلان سے اہل توحید وعشق کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔دوسرے اور تیسرے عشرے میں حرم پاک اور مدینہ منورہ کی رونقیں قابل دید تھیں انسانوں کا سمندر اپنے رب کی جانب حاضر تھا۔ اتحاد مشائخ پاکستان نے مزید کہا کہ مکہ اور مدینہ شریف میں محبت’ عقیدت’ رحمت اور سیادت وسعادت کے ایسے جلوے اور ایسے نظارے خال خال دیکھے گئے جن کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ملتے۔ اللہ کریم مدینہ کی یہ رونقیں صبح قیامت تک یوں ہی جاری وساری رہیں۔



