سرکاری کام کے لیے جانے والے وزرا بھی ذاتی خرچ پرپیٹرول ڈلوائیں گے: عطا تارڑ

لاہور: صوبائی وزیر عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں وزرا کے سرکاری پیٹرول پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے دور حکومت میں ملک و قوم کو دیوالیہ کردیا، انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا، عثمان بزدار کی رہائشگاہ پر عوام کے پیسے کو بیدردی سے خرچ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے پنجاب کے بارڈرزکی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے،پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم کے حصول کا ہدف پورا کیا ہے اور پنجاب حکومت گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پنجاب میں وزراء پرسرکاری پیسے سے پیٹرول کے استعمال پرپابندی لگادی گئی ہے، کوئی بھی وزیر سرکاری پیٹرول نہیں لے گا، تمام وزرا ذاتی خرچ پر پیٹرول ڈلوائیں گے، سرکاری کام کے لیے جانے والے وزرا بھی ذاتی خرچ پرپیٹرول ڈلوائیں گے، اس کے علاوہ سی ایم ہائوس پر شاہانہ اخراجات پر فوری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت بجٹ میں بڑا ریلیف دے گی اور مختلف سبسڈیز فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی سے زیادہ ڈرپوک ملکی تاریخ میں نہیں آیا، وہ آج بھی سرکاری اخراجات پر پل رہا ہے ، عمران نیازی منرل واٹربھی کے پی حکومت کے خرچ سے پیتا ہے۔
قبل ازیں وفاقی حکومت سندھ کی حکومت نے وزراء اور سرکاری افسران کا پڑول چالیس فیصد تک کم جبکہ خیبر پختون خوا نے 35 فیصد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بلوچستان اس حوالے سے تاحال خاموش ہے۔



