سی پیک منصوبوں کو 24 گھنٹے سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے،ترجمان پاک فوج

چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں امن کے لیے اہم ہیں


اسلام آباد:پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں امن کے لیے اہم ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کے دورہ چین پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ دورہ بہت اہم تھا، آرمی چیف نے چینی صدر سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پہلے آرمی چیف ہیں جنہوں نے چینی صدر سے ملاقات کی، اس کے دور رس اثرات ہوں گے۔ عسکری سفارتکاری نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات بہت اسٹریٹجک نوعیت کے ہیں، پاک چین تعلقات خطے میں امن کے لیے اہم ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی سیکیورٹی میں کوئی کمی نہیں آنے دی، سی پیک کی سیکیورٹی خصوصی طور پر پاک فوج کو دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی پر 24 گھنٹے کام کیا جارہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔