مسلسل بارشوں اور سیلاب سے سڑکیں ، ریلوے ٹریک اور رابطہ پل بہ گئے ،موبائل اور لینڈ لائن فون بھی کام نہیں کر رہے

کراچی : پی آئی اے نے بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طورپر معطل کردیا گیا۔اس طرح کوئٹہ سے ملک کا فضائی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔
پی آئی اے نے کوئٹہ جانیوالی اپنی تمام پروازیں منسوخ کردیں ، ذرائع نے بتایا کہ نیٹ ورک بیٹھ جانے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا ہے۔
،ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل ،دیگر نیٹ ورک خرابی کی سے فضائی رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے۔کوئٹہ میں زمینی اور فضائی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے اور ریڈار سروس میں بھی فنی خرابی پیدا ہوئی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں موسلادھاربارشوں،سیلاب سے آپٹیکل فائبر کیبل کو نقصان پہنچا ، جس کے باعث کوئٹہ، زیارت، خضدار، لورالائی، پشین میں وائس اور ڈیٹا سروسز متاثر ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چمن، پنجگور، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں بھی سروسزمتاثر ہے ، بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں موبائل ،انٹر نیٹ سروس بحال کرنیکی کوششیں جاری ہے۔پی ٹی اے متاثرہ اضلاع میں ٹیلی کام سروسز کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
طوفانی بارشوں کے بعد بلوچستان کے ندی نالے بپھر گئے اور 18 ڈیمز ٹوٹ گئے جب کہ بلوچستان میں مون سون سیزن کی تباہی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر سینکٹروں تک پہنچ گئی ہے۔ پچھلے کئی گھنٹوں سے مسلسل بارش جاری ہے اور مسلسل بارشوں اور سیلاب سے سڑکیں ، ریلوے ٹریک اور رابطہ پل بہ گئے ،موبائل اور لینڈ لائن فون بھی کام نہیں کر رہے ۔


