اسلام آباد ہائی کورٹ مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ کا بیان میں ذکر نہیں ،آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے پاس جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں
لاہور میں بھی عدالتیں ہیں ، جس وقت یہ بیانات دئیے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی، جسٹس محسن اختر کیانی


اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کردی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ، مقامی وکیل علی اعجاز بٹر نے توہین عدالت کی کاروائی شروع کرنے کی درخواست دائر کی تھی ۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا آپ کی پٹیشن ہے کیا ؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ ان رہنماں کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مختلف بیانات دئیے گئے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس ہائی کورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے ؟ آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے پاس جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے مزید کہا کہ درخواست گزار لاہور کا ہے اس کو یہی جگہ کیوں پسند ہے ،پٹشنر کو کہیں لاہور میں بھی عدالتیں ہیں ، جس وقت یہ بیانات دئیے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔
اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی اور درخواست خارج کرتے ہوئے متعلقہ فورم نا ہونے کا رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا ۔