
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سابق وزیراعظم اور چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی دوست سابق معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے برطانوی شہریت ترک کر دی۔ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ ملک کی محبت میں کیا ہے۔
زلفی بخاری نے برطانوی ہوم آفس کی تصدیقی دستاویزات میڈیا پر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب میں صرف پاکستانی شہری ہوں، میرے پاسپورٹ پر کوئی اور ویزا نہیں، اب کہیں نہیں جا سکتا، جینا مرنا پاکستان میں ہے، اب عمران خان کے ساتھ مل کر حقیقی آزادی کی جدو جہد کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا تھا حکومت کے خاتمے پر پاکستان چھوڑ کر بھاگوں گا، مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، پاکستانی ہو اور پاکستانی رہوں گا، میں برطانیہ میں پیدا ہوا، پورا خاندان وہاں ہے، برطانیہ میں کاروبار کیا، وہاں سے بہت کامیابیاں ملیں۔ اب میرے ملک پاکستان کو ہماری ضرورت ہے۔اس لئے مستقل طور پر پاکستان واپسی کو ترجیح دی ہے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں لیکن پاکستان کی خدمت کا فیصلہ کر لیا،پاکستان چھوڑ کر بھاگنے والے پناہ لینے کیلئے کوشاں ہے، برطانیہ نے نواز شریف کو خط لکھا ہوا ہے، انہیں بھی پاکستان واپس آنا ہو گا۔
یا درہے کہ سابق معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانیز اور عمران خان کے ذاتی دوست ذوالفقار علی بخاری (المعروف زلفی بخای ) اٹک کے قریب کامرہ نامی گائوں ہے لیکن وہ اور ا ن کا خاندان برطانیہ کی شہریت رکھتا ہے اوروہ برطانیہ میں پلے بڑھے اور وہاں ان کے کئی ایک کاروبار ہیں۔
وہ عمران خان کی کابینہ میں معاون خصوصی برائے اور سیز پاکستانیز تھے۔ تاہم ائرپورٹ رنگ روڈ سکینڈل میں نام آنے کے باعث انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔



