مکانات کی زبردستی پیمائش کی ایک اور کوشش ناکام شدید عوامی دبائو پرہائوسنگ اہلکار اپنا سا منہ لے کر واپس

اسلام آباد:فیڈرل گورنمنٹ ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے موضع چھیلو میں مکانات کی زبردستی پیمائش کی ایک اور کوشش بھی ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے۔ گائوں کے مغربی اور جنوبی حصوں کی طرف سے پیمائش میں ناکامی کے بعد ہفتہ کو ہائوسنگ اتھارٹی اہلکاروں نے گائوں کے مشرقی حصہ کی جانب سے گائوں میں مکانات کی پیمائش کی ایک اور کوشش کی لیکن یہاں بھی شدید عوامی ردعمل کے باعث انہیں ناکامی ہوئی اور وہ اپنا سا منہ لیکر واپس روانہ ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق ہفتہ کو اتھارٹی اہلکاروں نے ایک بار پھر پولیس کی نفری کے ہمراہ گائوں کی مشرقی جانب سے مکانات کی زبردستی پیمائش کی کوشش کی لیکن ماضی کی طرح انہیں اس میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ ہائوسنگ فائونڈیشن اہلکاروں کی آمد کی اطلاح ملتے ہی گائو ں کے لوگ بڑی تعداد میں مو ضع چھیلو کی مشرقی سمت جمع ہو گئے اور انہیں مکانات کی پیمائش کی اجازت نہ دی ۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے ایک بار پھر ہائوسنگ اتھارٹی کے اہلکاروں پر واضح کیا کہ جب تک انہیں اسی سیکٹر میں ڈویلپ پلاٹ نہیں دئیے جاتے وہ کسی بھی صورت کسی طرح کی پیمائش کی اجازت نہیں دیں گے اور اس حوالے سے ہائوسنگ اتھارٹی کے اہلکار اپنے روئیے سے باز نہ آئے تو انہیں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا اور نتائج کی تمام تر ذمہ داری ہائوسنگ اتھارٹی کے ذمہ داران پر ہوگی۔



