جس بلے سے دو چھکے لگائے وہ نیلام کر رہا ہوں اس سے سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائے گی

اسلام آباد:پاکستان کے فاسٹ باولر اور اپنے دو چھکوں سے افغانستان کے چھکے چھڑانے والے کرکٹر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ تو بھارتی اداکارہ، ماڈل و ڈانسر اروشی روٹیلا کو جانتے تک نہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا ہے جو انہیں پسند کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی بولڈ اداکارہ اروشی روٹیلا جو کرکٹرز کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیںنے چند دن قبل ایشیا کپ کے پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران نسیم شاہ کی ایڈٹ شدہ ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی تھی، جس پر اداکارہ خبروں کی زینت بنی تھیں۔
اروشی روٹیلا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں نسیم شاہ کو کرکٹ گراونڈ میں مسکراتے ہوئے دکھایا گیا تھا جب کہ اسی ویڈیو میں اداکارہ خود حیرانگی سے پاکستانی ٹیم کو دیکھتی دکھائی دی تھیں۔
مذکورہ میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی مگر میچ سے زیادہ اروشی روٹیلا کی جانب سے نسیم شاہ کی مسکرانے کی ویڈیو شیئر کرنے کی خبریں وائرل ہوئیں اور لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے تھے کہ مستقبل میں بھارت سے ایک اور خاتون پاکستانی لڑکے سے شادی کریں گی۔
اروشی روٹیلا کی جانب سے نسیم شاہ کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد اب کرکٹر نے اس پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی اداکارہ کو جانتے تک نہیں۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں پاکستانی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نسیم شاہ نے نہ صرف اروشی روٹیلا کے معاملے پر بات کی بلکہ انہوں نے افغانستان کے خلاف اپنی شاندار پرفارمنس پر بھی بات کی۔
نسیم شاہ نے اس بات پر خدا کا شکر ادا کیاکہ انہوں نے افغانستان کے خلاف اچھی پرفارمنس دکھا کر قومی ٹیم کو میچ جتوایا۔فاسٹ باولر کے مطابق وہ بلے باز نہیں مگر کوشش کرتے ہیں کہ وہ کریز پر ٹیم کے بلے بازوں کا ساتھ دیں اور انہیں مایوس نہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے افغانستان کے خلاف جس بلے سے دو چھکے لگائے تھے، انہوں نے وہ فروخت کے لیے پیش کردی ہے، جس سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔
نسیم شاہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں اور ان کا میچ دیکھنے گراونڈ میں آتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ آسمان سے اترے ہوئے نہیں ہیں اور نہ ہی ان میں کچھ خاص ہے مگر پھر بھی جو لوگ انہیں پسند کرتے ہیں اور ان سے پیار کرتے ہیں، وہ ان کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں کسی چیز کا کچھ پتہ نہیں ہوتا، وہ صرف گراونڈ میں کھیل کھیلتے ہیں اور اسی پر توجہ دیتے ہیں، لوگ انہیں ویڈیوز بھیجتے رہتے ہیں مگر انہیں کسی چیز کا کوئی علم نہیں۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کا فی الحال ایسا ویسا کوئی ارادہ نہیں، وہ صرف کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔نسیم شاہ نے کہاکہ وہ اروشی روٹیلا کو نہیں جانتے، انہیں معلوم نہیں کہ وہ کون ہیں؟۔



