
اسلام آباد:سنیئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر نے اپنی بیوی سارہ کو قتل کر دیا ہے۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ایاز امیر کی بہو گزشتہ روز ہی دبئی سے پاکستان پہنچیں تھیں اور پاکستان پہنچ کر انہوں نے گزشتہ روز ہی گاڑی بھی خریدی تھی۔
فیملی ذرائع کا بتانا ہے کہ مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھی اور دونوں کی تین ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی، مقتولہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہنواز سے رابطہ ہوا تھا، پھر دونوں نے شادی کر لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہی سارہ اور شاہنواز کے درمیان تکرار ہوئی تھی، جس کے بعد شاہنواز نے سارہ کے سر پر لوہے کی چیز ماری۔ سر پر چوٹ لگنے پر سارہ بیہوش ہو گئی تو شاہنواز نے اسے باتھ روم کے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایاز امیر کی سابق اہلیہ جو اس وقت فارم ہاس پر ہی موجود تھیں، جب انہوں نے یہ مناظر دیکھے تو پولیس کو اطلاع دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی فارنزک ٹیم نے موقع سے تمام شواہد اور آلہ قتل برآمد کرکے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سارہ کے پوسٹ مارٹم میں ان کی موت کی وجہ کا تعین نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق سارہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ کے سر، ماتھے اوربازوں پرزخم کینشانات ہیں، خاتون ڈاکٹر نے سارہ کی لاش کا مکمل معائنہ کیا، مختلف ایکسرے بھی کیے۔
پوسٹ مارٹم میں ان کی موت کی وجہ کا تعین نہ ہو سکا جس کے بعد ڈاکٹرز نے سارہ کے موت کے تعین کیلئے فارنزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مقتولہ کے جگر، دل، پھیپھڑے، تلی اور معدے سے نمونے لے لیے گئے ہیں اور فارنزک کیلئے نمونے پنجاب سائنس اتھارٹی لاہور بھجوائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینیئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز نے اہلیہ سارہ کو قتل کیا اور ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بیٹے شاہنواز کے ہاتھوں بہو کے قتل پر سینئر صحافی ایاز امیر کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
اس حوالے سے چک شہزاد فام ہاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی ایاز امیر کا کہنا تھا کہ ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے، یہ صدمہ کسی کو اٹھانا نہ پڑے۔
واردات کے وقت بیٹے شاہنواز کے نشے میں ہونے سے متعلق سوال پر ایاز امیر کا کہنا تھا اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں، یہ قانونی معاملہ ہے۔



