60 ارب ریونیو حاصل کرنے کے لیے تمباکو ہیلتھ لیوی بل کو پارلیمنٹ میں فوری پیش کرنا ضروری ہے

اسلام آباد : تمباکو ہیلتھ لیوی بل پارلیمنٹ میں پیش ہونے کے لیے تیار ہے اور اس کے فوری نفاذ سے حکومت کو 60 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہو سکتا ہے۔ اس آمدنی سے تمباکو کی صنعت کی جانب سے صحت اور معیشت کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مقررین نے سوسائٹی فار پروٹیکشن آف رائٹس آف دی چائلڈ (اسپارک) کے زیر اہتمام ایک بریفنگ کے دوران کیا جس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ تمباکو کی مصنوعات پر ہیلتھ لیوی عائد کرے تاکہ پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کی وبا سے بچایا جا سکے۔
ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو، پارلیمانی سیکرٹری، وزارت صحت نے تشویشناک اعدادوشمار بتائے کہ پاکستان میں روزانہ 1200 بچے تمباکو نوشی شروع کرتے ہیں اور ہر سال 170,000 لوگ تمباکو سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت تمباکو ہیلتھ لیوی جیسے بچوں کے فلاح و بہبود پر مبنی اقدامات کی حمایت کے لیے پرعزم ہے کیونکہ ان اقدامات کے ذریعے ہی پاکستان میں سگریٹ نوشی کرنے والوں کی تعداد، جو پہلے ہی 31 ملین ہے، بے قابو ہونے سے روکی جا سکتی ہے ۔ ڈاکٹر ضیا الدین اسلام نے بتایا کہ پاکستان میں تمباکو نوشی کی اقتصادی لاگت 615.07 بلین روپے ہے جو پاکستان کی جی ڈی پی کے 1.6 فیصد کے برابر ہے لیکن تمباکو کی صنعت سے حاصل ہونے والی آمدنی کل لاگت کا صرف 20 فیصد ہے۔ . 2019 میں، وفاقی کابینہ نے تمباکو کی مصنوعات پر ہیلتھ لیوی (اضافی ٹیکس) لگانے کے بل کی منظوری دی تاکہ تمباکو نوشی کو کم کیا جا سکے اور سالانہ 60 ارب روپے حاصل کیے جا سکیں ۔ تاہم تمباکو کی صنعت سے متاثر ہو کر، بہت سے پالیسی سازوں نے اس بل کو مسلسل روک دیا ہے اور اس وجہ سے تمباکو کی مصنوعات پہلے سے زیادہ آسانی سے خریدی جا سکتی ہیں۔
خلیل احمد ڈوگر، پروگرام مینیجر، سپارک نے کہا کہ بچے اور کم آمدنی والے لوگ تمباکو کی صنعت کا بنیادی ہدف ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہیلتھ لیوی بل کو فوری طور پر پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ایکٹ بن کر پورے ملک میں نافذ ہو سکے۔ اس کے علاوہ مہنگائی اور فی کس آمدنی میں اضافے کے لیے تمباکو کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ضروری ہے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے تمباکو کی صنعت کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔
شارق محمود خان، سی ای او، کرومیٹک ٹرسٹ نے کہا کہ پاکستان تمباکو پر ٹیکس لگانے کے لحاظ سے دنیا کے سب سے نیچے والے ممالک میں سے ایک ہے اور چونکہ تمباکو کی مصنوعات ہمیں مالی نقصان کا باعث بن رہی ہیں، اس لیے اس صنعت کو جو عدم توازن پیدا ہوا ہے اس کی قیمت ادا کرنی چاہیے۔ ہیلتھ لیوی کو نافذ کرنا اور صحت عامہ کی اسکیموں پر پیدا ہونے والی بڑھتی ہوئی آمدنی کو خرچ کرنا، تمباکو کے استعمال کو کم کرنے اور صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ایک ضروری و دیرپا حل ہے۔